ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / آج ریاستی سرکاری ملازمین کی یک روزہ ہڑتال

آج ریاستی سرکاری ملازمین کی یک روزہ ہڑتال

Wed, 01 Jun 2016 21:18:29    ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور

حکومت نے ہڑتال کو غیر قانونی قرار دے کر ایسما لاگو کیا

بنگلورو۔یکم جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) مرکزی ملازمین کے مساوی تنخواہ اور دیگر بھتوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کل ریاست بھر میں سرکاری ملازمین نے ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔حالانکہ ریاستی حکومت نے اس ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خدمات ضروریہ قانون لاگو کردیا ہے اور ہڑتال میں شامل ہونے والے ملازمین کو ایک سال کی سزائے قید اور ایک ہزار روپے جرمانہ لاگو کرنے کے سلسلے میں ایک سرکیولر جاری کردیاہے۔ اس کے باوجود بھی سرکاری ملازمین نے کل دفاتر سے غیر حاضر رہ کر ہڑتال کو پرامن طور پر چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی اس ہڑتال کے اعلان کے ساتھ ہی کل راجدھانی بنگلور سمیت تقریباً تمام اضلاع میں سرکاری دفاتر میں کام کاج اور انتظامیہ مفلوج رہنے کا امکان ہے۔ تمام سرکاری ملازمین بشمول ڈی گروپ میں آنے والے کل دفاتر میں حاضر نہیں ہوں گے۔ کوئی بھی سرکاری ڈرائیور کل گاڑی نہیں چلائے گا۔ یہاں تک کہ کسی سرکاری دفتر کا تالا کھولنے والا بھی کل حاضر نہیں ہوگا۔ یہ بات آج کرناٹک سرکاری ملازمین اسوسی ایشن کے صدر منجے گوڈا نے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کی مانگ ہے کہ مرکزی حکومت کے ملازمین کو دی جانے والی سہولیات کے مطابق کرناٹک کے ملازمین کو بھی سہولتیں دی جائیں۔ اس سلسلے میں پچھلے دو تین دہائیوں سے احتجاج کیا جارہاہے، لیکن یکے بعد دیگرے حکومتیں اس پر کوئی توجہ نہیں دی ہیں۔ لہٰذا دفاتر سے غیر حاضر ہوکر حکومت کی توجہ مبذول کرانے کا یہ طریقہ اپنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ہڑتال کی نسبت سے کوئی میٹنگ یا جلسہ منعقد نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی مظاہرہ کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین کی طرف سے جلوس نکالے جانے کی خبروں کو انہوں نے غلط قرار دیا، اور کہاکہ کل صرف دفاتر سے غیر حاضر رہ کر ملازمین اپنا احتجاج درج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی مانگوں پر با ت چیت کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی نمائندہ اب تک اسوسی ایشن سے رجوع نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کل کی اس ہڑتال میں سلم کلیرنس بورڈ ،بی بی ایم پی ، کے پی ٹی سی ایل ، کرناٹکا ہاؤزنگ بورڈ ، مختلف سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے عملے نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی اسمبلی اور کونسل سکریٹریٹ کے ملازمین نے بھی اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔اس دوران سرکاری ملازمین کی اسوسی ایشن نے بتایا کہ مختلف 85 سرکاری محکموں کے ملازمین نے اس ہڑتال میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ریاست کے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے بجز تقریباً تمام سرکاری ملازمین نے اس ہڑتال میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ سے کل ریاست بھر کے تمام سرکاری دفاتر پر ویرانی چھائی رہے گی۔مسٹر منجے گوڈا نے بتایا کہ کل کی جارہی ہڑتال محض علامتی ہے، اس ہڑتال کا مقصد حکومت سے ٹکراؤ کا رویہ اپنانا قطعاً نہیں ہے، اس ہڑتال کے بعد بھی اگر حکومت نے سرکاری ملازمین کی مانگوں پر کوئی توجہ نہیں دی تو آگے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ 


Share: